نئی دہلی،:27/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ضرور ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہندو اور مسلمان کا ڈی این اے ایک ہی ہے، ایسے میں دونوں مل کر رام مندر کی تعمیر کریں گے۔ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کریں گے اور 200فیصدتعمیر ہو گی۔انہوں نے کہا ہے کہ ہندو اور مسلمان دونوں مل کر رام مندر بنائیں گے، کیونکہ مسلمان بھی ہماری نسل سے ہیں، حالانکہ اب مذہب الگ الگ ہو گیا ہے،عبادت کرنے کا طریقہ الگ الگ ہو گیا ہے، لیکن ہمارے آباؤ اجداد ایک ہی ہیں، رام مند رسے مسلمانوں کا بھی عقیدہ منسلک ہے اور اپنے باپ دادا کی یاد میں ہم مل کر رام مندر کی تعمیر ضرور کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے ایودھیا کے رام جنم بھومی -بابری مسجد تنازعہ کیس پر حال ہی میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ایک حساس مسئلہ ہے اور اسے عدالت کے باہر دونوں فریقوں کو باہمی بات چیت سے حل کرنا چاہیے۔عدالت نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر سپریم کورٹ ثالثی کے لیے تیار ہے۔گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ کی طرف سے رام مندر کو لے کر کئے گئے اس تبصرے کے بعد سے مذکورہ معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں چھایا ہوا ہے، کئی پارٹیوں کے لیڈر ان اس معاملے کو لے کر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کر چکے ہیں۔